تاثیر 21 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کابل (افغانستان)، 21 اگست: پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بدھ کے روز افغانستان کی طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔ اس دوران پاکستان، افغانستان اور چین نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانے کا عزم کیا۔پاکستان کے اخبار ایکسپریس ٹریبیون نے رپورٹ کیا کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی اور پاکستان کے وزیر خارجہ سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لیے کل کابل پہنچے۔ طالبان کے افغانستان پر دوبارہ قبضے کے بعد وانگ یی کا کابل کا یہ پہلا دورہ تھا۔ ڈار اور وانگ نے سہ فریقی اجلاس کے موقع پر افغان حکام کے ساتھ الگ الگ دو طرفہ بات چیت کی۔ چین کے وزیر خارجہ نے افغانستان کے قائم مقام وزیر اعظم ملا اخوند کو بتایا کہ انہیں امید ہے کہ طالبان حکومت بیجنگ کے سیکورٹی خدشات کو مدنظر رکھے گی۔افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات میں پاکستان کے وزیر خارجہ ڈار نے افغان سرزمین پر ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کی موجودگی کا معاملہ اٹھایا۔ اسلام آباد میں قائم دفتر خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ نے افغانستان میں سرگرم دہشت گرد گروپوں کی جانب سے پاکستان کے اندر دہشت گردانہ حملوں میں حالیہ اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور افغان حکام پر زور دیا کہ وہ ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور مجید کے خلاف ٹھوس اقدامات کریں۔

