وزیر اعظم مودی نے وارانسی سے کسانوں کو دیا بڑا تحفہ، پی ایم کسان سمان ندھی کی 20ویں قسط جاری

تاثیر 02 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

وارانسی، 02 اگست: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی سے ملک کے کروڑوں کسانوں کو بڑا تحفہ دیا۔ سیواپوری بلاک کے بنولی گاوں میں منعقدہ ایک عوامی جلسیمیں، وزیر اعظم نے ’پردھان منتری کسان سمان ندھی یوجنا‘ کی 20ویں قسط کے تحت 9.70 کروڑ کسانوں کے کھاتوں میں 20,500 کروڑ روپے آن لائن منتقل کیے ۔
اس اسکیم سے اتر پردیش کے 2.30 کروڑ کسان 4600 کروڑ روپے سے مستفید ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم کے پارلیمانی حلقہ وارانسی کے 2.21 لاکھ کسانوں کے کھاتوں میں 48 کروڑ روپے منتقل کیے گئے۔ وارانسی کے انّ داتاوں کوپچھلی 19 قسطوں میں 850 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم منتقل کی جا چکی ہے۔
اس سے پہلے جیسے ہی وزیر اعظم نریندر مودی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر سے جلسہ گاہ میں بنائے گئے ہیلی پیڈ پر اترے تو وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پھولوں کا گلدستہ دے کر ان کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم کے اسٹیج پر پہنچنے سے پہلے ہی ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ وہاں پہنچ گئے، جہاں انہوں نے اسٹیج اور پنڈال میں انتظامات کا معائنہ کیا۔ جیسے ہی وزیر اعظم مودی اسٹیج پر پہنچے، وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے انہیں یادگاری تحفہ دے کر ان کا استقبال کیا۔
جوائنٹ ایگریکلچر ڈائریکٹر شیلیندر کمار کے مطابق، پردھان منتری کسان سمان ندھی کے تحت، تمام اہل کسانوں کو یکساں اقساط میں سالانہ امداد ملتی ہے۔ زمین کے مالک تمام کسان خاندانوں کو سالانہ 6000 روپے کا مالی فائدہ ملتا ہے۔ یہ رقم 2000 روپے کی تین مساوی قسطوں میں دی جاتی ہے۔