پاکستان کے بلوچستان میں پولیس وین پر حملہ

تاثیر 19 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کوئٹہ (بلوچستان) پاکستان، 19 اگست: پاکستان کے شورش زدہ صوبے بلوچستان کے ضلع اوستہ محمد میں پیر کو پولیس وین پر دستی بم حملے میں کم از کم چھ افراد زخمی ہو گئے۔ سٹی تھانے کی حدود میں ریلوے پھاٹک کے قریب موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے پولیس کی گاڑی پر دستی بم پھینکا۔ دھماکے میں چار پولیس اہلکار اور دو راہگیر زخمی ہوئے۔
دی بلوچستان پوسٹ نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ حملے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت عبدالنبی، قادر بخش، عبداللہ، بہرام اور دو دیگر کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال لے جایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔
دریں اثناء مسلح گروپ بلوچ ریپبلکن گارڈز نے میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ گروپ نے کہا کہ اس کے لڑاکوں نے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ اگر پولیس مقامی لوگوں کو ہراساں کرتی رہی تو مستقبل میں بھی ایسے حملے ہوتے رہیں گے۔