تاثیر 08 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ماسکو، 8 اگست: روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان جلد ہی آمنے سامنے کی ایک میٹنگ منعقد کئے جانے پر دونوں ممالک رضامند ہوگئے ہیں۔ پوتن نے متحدہ عرب امارات میں اس سربراہی اجلاس کے انعقاد کا عندیہ دیا ہے۔ 2021 کے بعد صدر پوتن کے ساتھ کسی امریکی صدر کی آمنے سامنے یہ پہلی ملاقات ہوگی جب پوتن یوکرین سرحد کے قریب فوجی تعیناتی پر ابتدائی خدشات کے درمیان جنیوا میں سابق امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کی تھی۔
ماسکو ٹائمز کے مطابق کریملن کے حکام نے جمعرات کو اعلان کیا کہ روسی اور امریکی صدور ولادیمیر پوتن اور ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان آنے والے دنوں میں ملاقات پر اتفاق ہو گیا ہے۔ کریملن کے خارجہ پالیسی کے مشیر یوری اوشاکوف نے روسی سرکاری میڈیا کو بتایا کہ امریکی فریق کی تجویز پر، آنے والے دنوں میں دو طرفہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے انعقاد کے لیے ایک ابتدائی معاہدہ طے پا گیا ہے۔
صدر پوتن نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے اشارہ دیا کہ ٹرمپ کے ساتھ یہ سربراہی ملاقات متحدہ عرب امارات میں ہو سکتی ہے۔ تاہم، پوتن نے اپنے یوکرائنی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے امکان کے بارے میں سوالات کو یہ کہتے ہوئے ٹال دیا کہ یہ ایک دور کی بات ہے۔

