تاثیر 09 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 9 اگست: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی طرف سے الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری پر اٹھائے گئے سوالات کی سخت مخالفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کے ذریعہ سپریم کورٹ، فوج کی بہادری اور الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری پر عوامی طور سے بیان بازی کرنا، ان کی ’اربن نکسلائٹ‘ ذہنیت کو بے نقاب کرتی ہے۔ ان کے نازیبا بیانات ملک میں لیڈر حزب اختلاف کے وقار کو داغدار کر رہے ہیں، انہیں اس پر فوری معافی مانگنی چاہیے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ہفتہ کو سوشل میڈیا ایکس پر ایک ویڈیو جاری کیا اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری پر سوال اٹھانے والے بیان پر اپنا شدید ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کا یہ عوامی بیان ان کی ’اربن نکسلائٹ‘ ذہنیت کو بے نقاب کر رہا ہے۔ یہ ٹھیک نہیں ہے اور اسے اس معاملے میں فوری معافی مانگنی چاہیے۔ ڈاکٹر یادو نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن ہندوستان کا سب سے غیر جانبدار اور خود مختار ادارہ ہے، جس نے جمہوریت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

