اتراکھنڈ کے دھرالی میں چوتھے روز بھی ریسکیو آپریشن جاری

تاثیر 08 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

دہرادون، 8 اگست: اترکاشی ضلع کے دھرالی میں چوتھے دن بھی آفت اور راحت کا کام جاری ہے۔ فوج، این ڈی آ ر ایف، ایس ڈی آ ر ایف اور پولیس کی ٹیمیں پوری چوکسی کے ساتھ لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے جمعہ کی صبح راحت اور بچاو کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہیلی سروس، ایم آ ئی 17 اور چنوک ہیلی کاپٹروں کی مدد سے ریسکیو آپریشن صبح سے جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔ گنگوتری، ہرشیل، جھالا، جس پور میں پھنسے ہوئے مسافروں کو بحفاظت لایا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس واقعہ کے بارے میں مسلسل اپ ڈیٹ لے رہے ہیں اور مرکزی حکومت سے مکمل تعاون مل رہا ہے۔ سڑکوں، مواصلات اور بجلی کی بحالی کے ساتھ ساتھ خوراک کی فراہمی پر حکومت کی خصوصی توجہ ہے اور یہ ضروریات ہیلی کاپٹروں کی مدد سے پوری کی جا رہی ہیں۔ اترکاشی ضلع میں آج موسم خراب ہے اور اس کی وجہ سے اسٹریٹجک علاقے ماتلی سے ہیلی کاپٹر پرواز نہیں کر سکے۔