جہنم بن چکا ہے سہسرام کا میونسپل کارپوریشن صفائی،لائٹنگ،سی سی ٹی وی کیمرے بدحال

تاثیر 08 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

          سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) سہسرام میونسپل کارپوریشن علاقہ کی حالت اندنوں جہنم بن چکی ہے۔ شہر میں کئی ایسے علاقے ہیں جہاں نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے پانی جمع ہونے کا مسئلہ برقرار ہے ۔ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے میونسپل کارپوریشن کے علاقے کی شکل ہی بگاڑ دی ہے ۔ میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں صفائی،لائٹنگ اور سی سی ٹی وی کیمروں کی ابتر حالت میونسپل کارنامے کو بے نقاب کرنے کیلئے کافی ہیں ۔ شہر میں نصب کئی لائٹس اور سی سی ٹی وی کیمرے صرف باہر سے خوبصورت نظر آتے ہیں لیکن اندر سے کئی بیماریوں کی لپیٹ میں ہیں ۔ سی سی ٹی وی کیمرے شہری علاقوں میں جرائم کی روک تھام،شہر کی حفاظت اور ٹریفک کے نظام میں بہت کارآمد ثابت ہوتے ہیں، اسکے بعد بھی کئی ایسے سی سی ٹی وی کیمرے ہیں جو صرف اور صرف دیکھنے کی زینت بن چکے ہیں ۔ لائٹس اور سی سی ٹی وی کی خرابی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں میونسپل کمشنر وکاس کمار نے کہا کہ یہ ٹینڈر کی کارروائی میں ہے ۔ جیسے ہی ٹینڈر کا عمل مکمل ہوگا انہیں ٹھیک کر دیا جائیگا، جبکہ اس تناظر میں وارڈ نمبر 44 کے وارڈ کونسلر سروج کمار گپتا نے بتایا کہ کارپوریشن کے احاطہ میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے لیکن انہیں بھی میئر کاجل کماری کے نمائندے وشال سنگھ نے ہٹا دیا ہے، تاکہ تیسری آنکھ کارپوریشن کی غلط حرکتوں کو نہ دیکھ سکے ۔ متذکرہ کونسلر نے کہا کہ میونسپل کمشنر نے میئر کے سامنے خود کو سرنڈر کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ پورے شہر کے علاقہ کی حالت بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے ۔ سروج گپتا نے جو کہا اس سے ایسا لگتا ہے کہ میونسپل کارپوریشن بدعنوانی کا شکار ہو چکی ہے اور اسے پاک کرنا بھی بہت ضروری ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کون سی طاقت میونسپل کارپوریشن سہسرام کو شفاف کرانے کیلئے آگے آتی ہے ۔