سعودی عرب کا عالمی برادری سے غزہ میں قحط ختم کرانے کا مطالبہ ، شام کی تقسیم کی کوشش مسترد

تاثیر 27 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ریاض،27اگست:جدہ میں خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں سعودی کابینہ کے اجلاس میں خطے اور دنیا کی تازہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے عالمی برادری، بالخصوص سلامتی کونسل کے مستقل اراکین پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر مداخلت کریں تاکہ غزہ میں قحط کی حالت کا خاتمہ ہو اور اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینی عوام پر جاری نسل کشی اور جنگی جرائم روکے جا سکیں۔سعودی عرب نے جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کی سفارشات کی حمایت کی۔ ان سفارشات میں اسرائیلی جارحیت کو روکنے، فلسطینیوں کے اجتماعی قتلِ عام کے انسداد اور غزہ پر قبضے اور تسلط کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا گیا۔ کابینہ نے کہا کہ اسرائیلی خلاف ورزیاں بغیر حساب و سزا کے جاری رہیں تو یہ عالمی نظام، بین الاقوامی قانون اور علاقائی و عالمی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔