وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ کو بم سے اڑانے کی دھمکی، سکیورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر

تاثیر 11 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جے پور، 11 اگست: راجدھانی جے پور میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب ایک شخص نے پولیس کنٹرول روم کو فون کیا اور وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ اور دفتر (سی ایم او) کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی۔ اہلکاروں کو پولیس کنٹرول روم میں موصول ہونے والی دھمکی کے بارے میں مطلع کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد ہلچل مچ گئی۔
اطلاع پر سیکورٹی ایجنسیاں الرٹ ہوگئیں اور وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ کی مکمل تلاشی لی گئی۔ آدھے گھنٹے کے سرچ آپریشن کے بعد جب وہاں سے کوئی قابل اعتراض چیز نہیں ملی تو سیکیورٹی اداروں نے سکون کی سانس لی۔
جے پور ساوتھ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجرشی راج نے بتایا کہ پیر کی دوپہر ساڑھے 12 بجے پولیس کنٹرول روم پر ایک کال موصول ہوئی اور فون کرنے والے نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ (سی ایم او) کو بم سے اڑانے جا رہے ہیں۔ اس پر کنٹرول روم نے تمام پولیس افسران کے ساتھ معلومات شیئر کیں، جس کے بعد پولیس اور بم اسکواڈ وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ (سی ایم او) پہنچے اور تلاشی لی۔ تقریباً آدھے گھنٹے کے سرچ آپریشن کے بعد جب وہاں سے کوئی قابل اعتراض چیز نہیں ملی تو سیکورٹی ایجنسیوں نے راحت کی سانس لی۔