این ایچ 327 ای پر تیز رفتار ٹرک و کار کی ٹکر سے دو نوجوان کی موت، ایک زخمی

تاثیر 21 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ارریہ(رقیہ آفرین)ارریہ-بہادر گنج فور لین سڑک پر پیش آئے دو مختلف سڑک حادثے میں دو نوجوان کی موت ہو گئی جبکہ ایک نوجوان شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ جمعرات کی صبح قریب 11 بجے بیلوا پل کے پاس ایک حادثہ میں ایک تیز رفتار ٹرک نے ایک بائک سوار کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ حادثے میں محمد شمشاد (30) کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ وہ پلاسی بلاک کے پچیلی شیام پور وارڈ نمبر 12 کا رہائشی تھا۔ وہیں متوفی شمساد کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار دوسرے نوجوان محمد ناہد کو بھی شدید چوٹیں آئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹکر اتنی شدید تھی کہ شمشاد ٹرک کے نیچے دب گیا اور ٹرک اسے تقریباً 10 فٹ تک گھسیٹا چلا گیا۔حادثہ کے بعد کثیر تعداد میں مقامی لوگ موقع پر جمع ہوگئے اور معاوضے کا مطالبہ کرتے ہوئے قومی شاہراہ 327 ای کو پوری طرح بلاک کر دیا۔ جس سے فور لین روڈ کا ایک حصہ تقریباً تین گھنٹے تک بند رہا۔ معاملے کی اطلاع ملتے ہی صدر تھانہ انچارج منیش کمار رجک پولیس ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کیا۔ پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال ارریہ بھیج دیا۔ متوفی کے بھتیجے محمد زاہد نے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور کی غفلت حادثہ کی وجہ بنی۔ حادثہ کے سلسلے میں متوفی کے اہل خانہ نے بتایا کہ جمعرات کو محمد شمشاد اپنے ہم زلف (ساڑھو)محمد ناہید کے ساتھ ارریہ کے ایک بینک سے رقم نکالنے جا رہے تھے تبھی یہ حادثہ پیش آگیا۔ وہیں اس سے قبل ارریہ-بہادر گنج فور لین سڑک پر ہی
محمد اسماعیل (39) کی موت ہو گئی۔ بتایا گیا ہے کہ دیر شام تقریباً 7 بجے ایک فور وہیلر نے ان کی بائک کو ٹکر مار دی تھی۔ اس حادثے میں ان کے پیٹ میں شدید چوٹ لگی۔ ابتدائی علاج صدر اسپتال میں کیا گیا۔ بدھ کی شام انہیں پیٹ میں شدید درد کے بعد صدر اسپتال ارریہ لے جایا گیا۔ جہاں ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹروں نے اس کی حالت نازک دیکھ کر اسے اعلیٰ مرکز ریفر کر دیا۔ لیکن رات 9 بجے کے قریب اسے ریفر کرنے کی تیاری کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ وہیں این ایچ 327 ای پر یکے بعد دیگرے سڑک حادثے سے لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ لوگوں نے انتظامیہ سے سڑک کی حفاظت کے لیے سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔