تاثیر 01 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،یکم اگست:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا یہ یقینی بنانا چاہتا ہے کہ غزہ کے عوام کو خوراک میسر ہو۔جمعرات کو ’این بی سی نیوز‘ کے ساتھ ایک ٹیلی فونک گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ مشرقِ وسطیٰ کے لیے امریکی ایلچی اسٹیو وِیٹکوف اور اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہاکابی کی جانب سے غزہ کی صورتِ حال پر رپورٹ کے منتظر ہیں۔ ان کا کہنا تھا “ہم یہ بات یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ لوگوں کو خوراک مل رہی ہو۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب وِیٹکوف جمعے کو غزہ کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ امداد کی تقسیم کے مقامات کا معائنہ کیا جا سکے اور مقامی شہریوں سے ملاقات کی جا سکے۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے بتایا کہ وِیٹکوف اور ہاکابی “غزہ میں موجودہ امدادی تقسیم کے مقامات کا جائزہ لیں گے” اور غزہ کے رہائشیوں کے لیے “مزید خوراک کی فراہمی کا منصوبہ وضع کرنے” کے لیے کام کریں گے۔لیویٹ نے مزید وضاحت کی کہ دونوں عہدے دار “وہاں مقامی افراد سے براہِ راست مل کر ان سے اس ہول ناک صورتِ حال کی آگاہی لیں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ “ایلچی اور سفیر صدر کو اپنے دورے کے فوری بعد آگاہی فراہم کریں گے تاکہ علاقے میں امداد اور خوراک کی تقسیم کے لیے حتمی منصوبے کی منظوری دی جا سکے۔

