تاثیر 24 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 24 اگست: اتوار کو دہلی اسمبلی میں ‘آل انڈیا اسپیکرز کانفرنس’ کا افتتاح ہوا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ وٹھل بھائی پٹیل نے غلام ہندوستان میں بھی پارلیمانی روایات اور جمہوری اصولوں کے چراغ جلائے تھے۔وزیر اعلیٰ نے ملک بھر کی قانون ساز اسمبلیوں اور قانون ساز کونسلوں کے اسپیکروں، ڈپٹی اسپیکروں اور چیئرمینوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی کانفرنس کا انعقاد وٹھل بھائی پٹیل کی سنٹرل لیجسلیٹو اسمبلی کے پہلے ہندوستانی منتخب اسپیکر بننے کی صد سالہ سالگرہ کے موقع پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اس شعلے کو مزید روشن بنانے کا یہ موقع مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی رہنمائی میں ہم سب کے لیے ایک تاریخی ورثہ بن رہا ہے۔وزیر داخلہ شاہ کی دور اندیش قیادت اور غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی رہنمائی نے جمہوریت، ضابطہ اخلاق، غیر جانبداری اور وقت کی پابندی کو نئی تقویت فراہم کی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ کانفرنس پارلیمنٹ اور مقننہ کے مسلسل سفر میں ایک سنگ میل بن جائے گی، جو ہندوستان کی جمہوریت کو مزید مضبوط بنانے کی طرف بڑھ رہی ہے۔وزیراعلیٰ گپتا نے کہا کہ پچھلے پانچ مہینوں میں دہلی ودھان سبھا نے ای-ودھان سبھا اور شمسی توانائی سے چلنے والی عمارت جیسے تاریخی کام کئے ہیں۔ دہلی سکریٹریٹ میں ای فائلنگ کے نظام سے شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی رہنمائی میں بہت اچھا کام کر رہی ہے۔

