تاثیر 26 اگست ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 26 اگست: وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ریاست میں کام کرنے والے ہر نوجوان کو کم سے کم تنخواہ کی گارنٹی دی جائے گی۔ کوئی کمپنی یا آجر ملازم کا استحصال نہیں کر سکے گا۔ ملازمت فراہم کرنے والی کمپنیاں اپنے ملازمین کی کم از کم تنخواہ کو یقینی بنائیں گی جبکہ اس کے اضافی خرچ کی ذمہ داری حکومت برداشت کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے واضح طور پر کہا کہ یہ نظام نوجوانوں کو باعزت روزگار، ملازمت کے تحفظ اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کو اندرا گاندھی پرتشٹھان میں منعقد تین روزہ ’’روزگار مہاکمبھ 2025‘‘ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتر پردیش ملک کی پہلی ریاست بن رہی ہے جہاں ہر کام کرنے والے نوجوان کو کم از کم اجرت اور کم از کم تنخواہ کی ضمانت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ نوجوانوں کو بے پناہ توانائی کا ذریعہ بتاتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اتر پردیش کی نوجوانوں کی سب سے بڑی آبادی اس ریاست کے لیے خوش قسمتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یوپی کے ہنر کی ملک اور دنیا میں مانگ ہے اور جو ریاست کبھی روزگار کے لیے ہجرت کا درد سہتی تھی، وہ آج روزگار فراہم کر رہی ہے۔

