تاثیر 8 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پونے، 8 ستمبر:پونے میٹرو نے گنیش اتسو کے دوران مسافروں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ درج کیا۔ انتظامیہ کے مطابق، دس دنوں کے تہوار کے دوران تقریباً 40 لاکھ لوگوں نے میٹرو سے سفر کیا۔ خاص طور پر اننت چتردرشی کے موقع پر ہفتہ کو ایک دن میں ہی قریب 6 لاکھ مسافروں نے میٹرو کا استعمال کیا، جو اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
سوارگیٹ تا پمپری چنچواڑ اور ونج تا رام واڑی روٹس پر مسافروں کا رش سب سے زیادہ رہا۔ مضافاتی علاقوں سے آنے والے شہری اپنی گاڑیاں اسٹیشنوں کے قریب پارک کرکے میٹرو کے ذریعے شہر آتے جاتے رہے۔ مہاتما پھولے منڈائی اسٹیشن پر سب سے زیادہ 66 ہزار 542 مسافروں نے سفر کیا۔ اس کے علاوہ دکن جم خانہ اسٹیشن پر 64 ہزار 703، پمپری چنچواڑ میونسپل کارپوریشن اسٹیشن پر 48 ہزار 363، سوارگیٹ پر 44 ہزار 917 اور پونے میونسپل کارپوریشن اسٹیشن پر 39 ہزار 208 مسافروں نے میٹرو کا سہارا لیا۔

