تاثیر 8 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
یروشلم،08ستمبر:اسرائیلی پولیس نے پیر کے روز یروشلم کے شمالی علاقے رامات میں بس اسٹیشن کے قریب مسلح افراد کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ العربیہ/الحدث کے نامہ نگار کے مطابق واقعے کے فوراً بعد رامات کے تمام داخلی راستے بند کر دیے گئے۔پولیس نے بعد ازاں اعلان کیا کہ فائرنگ کرنے والے دونوں افراد کو ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ایک سکیورٹی اہلکار اور ایک شہری نے حملہ آوروں پر جوابی فائرنگ کی۔ مزید بتایا گیا کہ حملہ آور ایک گاڑی میں آئے تھے اور بس اسٹیشن کو نشانہ بنایا۔اس واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں اپنی موجودگی بڑھا دی اور کہا کہ مزید حملوں کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ فوج کے بیان میں کہا گیا کہ رام اللہ کے گرد کئی علاقوں کا محاصرہ کیا گیا ہے اور یروشلم میں ہونے والے واقعے کی تفتیش جاری ہے۔ادھر اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے دفتر نے بتایا کہ انہوں نے واقعے کے بعد سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔

