نوادہ میں دیہی ڈاکٹر کواغوا کرکے کیاقتل ، مشتعل لوگوں نے کیا سڑک جام

تاثیر 28 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نوادہ، 28 ستمبر:نوادہ ضلع کے وارث علی گنج تھانہ علاقہ کے جھور گاؤں میں 26 سالہ نوجوان دیہی ڈاکٹر پرکاش کمار کو اغوا کر کے قتل کر دیا گیا۔اہل خانہ کا الزام ہے کہ جرائم پیشوں نے اسے علاج کے بہانے بلایا، تاوان کا مطالبہ کیا اور پھر اسے بے دردی سے قتل کرکے اس کی لاش بنجر زمین میں پھینک دی۔ واقعے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔ مشتعل گاؤں والوں نے اتوار کے روز جھور موڑ پر لاش سڑک پر جام کر دیا۔
اہل خانہ اور گاؤں والوں کا دعویٰ ہے کہ قتل پولیس کی لاپروائی کا نتیجہ ہے۔ وہ جھور گاؤں میں سڑک کے کنارے طبی خدمات فراہم کر رہے تھے۔ جمعہ کی رات تقریباً 9:30 بجے، کوئی انہیں طبی علاج کرانے کے بہانے بائک پر لے گیا۔ صبح تک واپس نہ آنے پر اہل خانہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ہفتہ کی دوپہر وارث علی گنج پولیس کو تحریری نوٹس دیا گیا، لیکن کارروائی میں تاخیر ہوئی۔ رات کے وقت ایک لاش کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کی شناخت گاؤں والوں نے پرکاش کے طور پر کی۔