انتخاب جیتنے کے بعد بہار سے ایک ایک در اندازوں کو باہر پھینک دیں گے: وزیر داخلہ

تاثیر 27 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ارریہ(رقیہ آفرین)مرکزی وزیر داخلہ اور سینئر بی جے پی لیڈر امت شاہ سنیچر کو ارریہ پہنچے جہاں وہ نو اضلاع کے تقریباً 5000 کارکنان سے براہ راست بات چیت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کارکنوں کو جوش دلایا اور انہیں پارٹی کا حقیقی مالک قرار دیا۔ اپنی تقریر میں شاہ نے کہا کہ لالو پرساد یادو اور راہول گاندھی جیسے لیڈروں کی قیادت میں پارٹیاں صرف اپنے لیڈروں کی بنیاد پر ہی الیکشن جیتنے کی کوشش کرتی ہیں لیکن بی جے پی واحد پارٹی ہے جس کی جیتنے کی طاقت اس کے لیڈروں میں نہیں بلکہ اس کے کارکنوں میں ہے۔ وہیں انہوں نے در اندازی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دوسری پارٹیوں کے لیے یہ انتخابات محض اپنی پارٹی کو جتانے کا موقع ہے لیکن بی جے پی کے لیے یہ انتخاب دراندازوں کو باہر نکال پھینکنے کی مہم ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر کارکنان ایک تہائی اکثریت کے ساتھ این ڈی اے کی جیت کو یقینی بناتے ہیں تو وہ دراندازوں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کرکے انہیں باہر کریں گے۔ امت شاہ نے یہ بھی کہا کہ یہ انتخاب بہار کو سیلاب کی پریشانی سے آزاد کرنے کا ہے۔ انہوں نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ اس سال بہار میں چار دیوالی منائیں، پہلی دیوالی اس وقت ہوگی جب بھگوان رام ایودھیا واپس آئیں گے۔ دوسری دیوالی اس وقت منائی گئی جب وزیر اعظم نریندر مودی نے جیویکا دیدیوں کے کھاتوں میں دس ہزار روپے منتقل کر دیئے۔  تیسری دیوالی اس وقت منائی گئی جب جی ایس ٹی کے تحت 350 اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی گئی۔ چوتھی دیوالی اس وقت منائی جائے گی جب این ڈی اے 160 سے زیادہ سیٹوں پر کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائے گی۔ امیت شاہ نے مزید کہا کہ 2020 کے اسمبلی انتخابات میں ہم کشن گنج کو چھوڑ کر تمام اضلاع میں پہلے نمبر پر تھے۔لیکن اس بار ہم کشن گنج میں بھی جیتیں گے۔ وزیر داخلہ نے در اندازوں کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ این ڈی اے کے لیے یہ انتخاب پورے بہار سے دراندازوں کو باہر کھدیڑ نے کا ہے۔ میں وعدہ کرتا ہوں کہ اس بار این ڈی اے کی حکومت بنا کر ہم بہار سے دراندازوں کو باہر نکال پھینکیں گے۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ راہول گاندھی چاہتے ہیں کہ دراندازوں کو ووٹ کا حق دیا جائے۔ “سیمانچل کے لوگو، مجھے بتاؤ، کیا دراندازی کرنے والوں کو ووٹ دینے کا حق دیا جائے؟ راہول بابا، غور سے سنیں، ہم بہار اور ملک سے دراندازوں کو چن چن کر نکال پھینکیں گے۔ یہ انتخاب بہار سے دراندازوں کو باہر نکالنے کے لیے ہے۔” وہیں انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کی حکومت میں بہار ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔‌ پچھلے دنوں پی ایم مودی نے پورنیہ سے ہی مکانہ بورڈ کا اعلان کیا۔ بھاگلپور میں پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اور پورنیہ میں ہوائی اڈہ دیا۔ بیہٹا کے علاوہ مزید چھ ہوائی اڈے تعمیر کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے کوسی لنک پروجیکٹ کا بھی اعلان کیا ہے جس سے کوسی خطے کے لوگوں کو سیلاب کے مسائل سے راحت ملے گی۔ لیکن عظیم اتحاد نے کچھ نہیں کیا۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بہار میں این ڈی اے حکومت نے سماجی پنشن کو 400 روپے سے بڑھا کر 1100 روپے کر دیا۔