اننت ناگ پولیس نے منشیات کے خلاف مہم کے تحت زمین ضبط کر لی

تاثیر 18 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

اننت ناگ، 18 ستمبر: اننت ناگ پولیس نے جمعرات کو پولیس اسٹیشن مٹن میں درج ہتھیار، دھماکہ خیز مواد اور منشیات سے متعلق ایک کیس سے منسلک غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کرلیا۔پولیس ترجمان نے بتایاکہ، اننت ناگ پولیس نے نارکو دہشت گردی کیس میں غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لی ہے۔ جائیداد کی قرق ایف آئی آر نمبر 57/2024 کے سلسلے میں کی گئی ہے، جو انڈین آرمز ایکٹ کی دفعہ 7/25، UA(P) ایکٹ کی 13, 18, 39، دھماکہ خیز مواد ایکٹ کی دفعہ 5، اور این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8/20 کے تحت پولیس اسٹیشن مٹن میں درج کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ، منسلک جائیداد 3 کنال اور 6 مرلے کی اراضی پر مشتمل ہے، جو خسرہ نمبر 283 من، کھیوٹ نمبر 16، اور خاتہ نمبر 155 کے تحت آتی ہے، جو سنگم بجبہاڑہ میں واقع ہے۔ اراضی اقرا مشتاق دختر مشتاق احمد ڈار ساکنہ ہگام، سری گفوارہ، اننت ناگ کے نام پر رجسٹرڈ ہے، وہ ملزم فردوس احمد بھٹ کی بھانجی ہے۔ یہ کارروائی مناسب قانونی عمل کے تحت کی گئی ہے اور یہ غیر قانونی اور ملک دشمن سرگرمیوں سے منسلک افراد اور جائیدادوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اننت ناگ پولیس امن، عوامی تحفظ اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔