تاثیر 2 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 02 ستمبر:بہار میں انتخابی ماحول کے درمیان منگل کے روز وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں کل 49 تجاویز کو منظوری دی گئی۔ اس میٹنگ میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور فلاحی اسکیموں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے، جن سے لاکھوں طلبہ، ملازمین اور عام عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
حکومت بہارنے آج کی کابینہ میٹنگ میں پنچایتی ٹیکنیکل لیکھا پال اور آئی ٹی اسسٹنٹس کے اعزازیہ میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ غریب اور پسماندہ طبقات کے بچوں کی پڑھائی میں مدد کرنے کے لیے محکمہ پسماندہ طبقات اور انتہائی پسماندہ طبقات کے بہبودکی اسکالرشپ اسکیم کے لیے 241 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔ اس کے ساتھ ہی ریاست کے تمام میڈیکل کالجوں میں انٹرن شپ کرنے والے طلباء کے اسکالرشپ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔کابینہ کی میٹنگ کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سکریٹری اروند چودھری نے کہا کہ کابینہ کے اہم فیصلوں میں بہار کے سات اضلاع میں میڈیکل کالج کھولنے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔ گاندھی میدان میں کیے گئے اپنے اعلان کی روشنی میں بہار کی کابینہ نے کشن گنج، کٹیہار، روہتاس، شیوہر، لکھی سرائے، ارول اور شیخ پورہ اضلاع میں نئے میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کھولنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔
اروند چودھری نے کہا کہ بہار ہوم ڈیفنس کور کے ہوم گارڈ کا ڈیوٹی الاؤنس 774 روپے فی ورکنگ ڈے سے بڑھا کر 1121 روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کہ بہار حکومت میں کام کرنے والے پولیس کی 1 دن کی کم از کم تنخواہ کے مطابق ہے، جبکہ دیہی ہاؤسنگ اسسٹنٹ کے بنیادی اعزازیہ میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔

