تاثیر 8 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 8 ستمبر:بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پیرکے روز خواتین کے لیے 80 ”پینک” بسوں کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا اور اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی تمام 1065 بسوں میں ای ٹکٹنگ کی سہولت کا بھی آغاز کیا۔وزیر اعلیٰ نے ایک انے مارگ واقع اپنی رہائش گاہ سے بسوں کو روانہ کرنے سے پہلے ان کا معائنہ کیا اور ان میں دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی سمت ریاستی حکومت کا یہ ایک اہم قدم ہے۔ اس کے تحت دوسرے مرحلے میں بہار اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی 80 پینک بسیں شروع کی گئی ہیں۔ اس سے خواتین کا سفر محفوظ اور آرام دہ ہو جائے گا۔اس موقع پر ریاست کے نائب وزرائے اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا، وزیر اعلیٰ کے چیف سکریٹری دیپک کمار، چیف سکریٹری پرتیئے امرت، محکمہ ٹرانسپورٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مہیر کمار سنگھ، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری انوپم کمار اور کمار روی اور ریاستی ٹرانسپورٹ کمشنر آشوتوش دویدی سمیت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔

