لیہہ شہر میں پانچویں روز بھی کرفیو نافذ رہا

تاثیر 28 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

لداخ , 28 ستمبر:لیہہ شہر میں اتوار کو مسلسل پانچویں روز کرفیو نافذ رہا، جبکہ لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا کی جانب سے سیکورٹی جائزہ میٹنگ بلائی جا رہی ہے جس میں پابندیوں میں نرمی دینے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق شہر میں بدھ کی شام کو اْس وقت کرفیو لگایا گیا تھا جب لیہہ اپیکس باڈی کی کال پر بند اور احتجاجی مظاہرے پرتشدد ہوگئے۔
ہفتے کو پہلی مرتبہ کرفیو میں چار گھنٹوں کی مرحلہ وار نرمی دی گئی تھی، جو پرامن طریقے سے مکمل ہوئی۔ بدھ کو ہونے والی جھڑپوں میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ پچاس سے زائد افراد کو ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو بھی نیشنل سکیورٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لے کر جودھپور جیل (راجستھان) بھیج دیا گیا۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ صورتحال مجموعی طور پر قابو میں ہے اور کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔ لیفٹیننٹ گورنر جلد ہی راج بھون میں سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے اور پابندیوں میں مزید نرمی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موبائل انٹرنیٹ سروس بدستور معطل ہے جبکہ کرگل سمیت یونین ٹیریٹری کے دیگر حصوں میں پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر بھی پابندی عائد ہے۔ شہر کے حساس مقامات پر پولیس اور سی آر پی ایف کے اہلکار تعینات ہیں جبکہ آئی ٹی بی پی کے جوانوں نے صبح فلیگ مارچ بھی کیا۔