‎بارش سے دربھنگہ شہر جھیل میں تبدیل

تاثیر 11 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ( فضا امام):-ادھر اس دیار میں بارش کا سلسلہ ہے ۔پورا شہر جھیل کا منظر پیش کر رہا ہے۔شہر کے تمام وارڈوں میں نالے کی حالت دیگر گوں ہے۔صبح 7 بجے سے 10بجے تک تیز بارش ہوئی ۔ جس سے عام زندگی متاثر ہے۔شہر کے تمام راستوں پر کافی پانی لگ گیا۔ بارش سے فیض اللہ خاں ،سی ایم ساینس کالج،پرانی منصفی ،دربھنگہ میو نسپل کارپوریشن ،دربھنگہ ٹاور،لال باغ ،میر شکار ٹولہ،چونا بھٹی ،لکچھمی ساگر ،خان چوک ،بنگالی ٹولہ ،بلبھدرپور ،نیو بلبھدر پور،ڈی ایم سی ایچ ،ملت کالج ،بی بی پاکر ،اسماعیل گنج، اردو وغیرہ محلےاور علاقے کا بہت برا حال ہے ۔کہیں ایک فٹ تو کہیں دو فٹ پانی جمع ہے ۔جس کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔کہیں دکانوں میں بھی پانی داخل ہو گیا ہے ۔پانی کے ساتھ ساتھ پانی کے ساتھ ساتھ نالی کے گندے پانی اور غلاظت نیز کچڑوں کو بھی اس جھیل میں بہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔اس بارش کے سبب شہر کی تمام شاہراہوں کا بھی بڑا حال ہے۔موسلادھار بارش کی وجہ سے شہر کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پانی جمع ہونے کی بڑی وجہ شہر میں نالے کی مناسب نکاسی کا نہ ہونا یا مین نالی کی صفائی کا نہ ہونا ہے۔ شہر میں 3 گھنٹے کی بارش میں مہینوں کی بارش کے برابر پانی جمع ہو جاتا ہے۔اس کے ساتھ ہی متھلانچل کا سب سے بڑا اسپتال ڈی ایم سی ایچ کا بھی برا حال ہے۔ ڈی ایم سی ایچ کا پورا کیمپس بشمول ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ، میڈیسن ڈپارٹمنٹ، پیڈیاٹرکس ڈپارٹمنٹ، گاینیک ڈپارٹمنٹ پانی میں ڈوب گیا ہے۔ پانی بھر جانے کے باعث علاج کے لیے آنے والے مریضوں، ان کے لواحقین اور ہیلتھ ورکرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر میں بارش کے ساتھ ساتھ نالوں کی جاری کھدائی نے بھی عوام کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ بیشتر اہم سڑکیں کھودی ہوئی اور خستہ حال پڑی ہیں، جس کی وجہ سے نہ صرف پیدل چلنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ گاڑی چلانے والے بھی حادثات کے خطرے سے دوچار ہیں۔ کئی جگہوں پر کیچڑ بھر جانے سے پھسلنے اور گرنے کے واقعات بھی پیش آ رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نالوں کی کھدائی تو کر دی گئی مگر ان کی مرمت اور سڑکوں کی بحالی کے کام پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے، جس کے سبب بارش کے دنوں میں یہ مسئلہ اور سنگین ہو جاتا ہے.میونسپل کورپریشن اور ضلع انتظامیہ صرف اخبارات میں صفائی کی بات کرتی ہے۔