المنی علی گڑھ ارریہ چپٹر کے زیرِ انتظام مباحثہ(ڈیبیٹ) مقابلہ کا انعقاد

تاثیر 16 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

“سنبل ناز” فرسٹ،”مہر” و”حسنات”سکنڈ اور”نہاں آفریں” نےتھرڈپوزیشن حاصل کیں،انعامات سرسید ڈےپر دیئے جائیں گے۔
ارریہ :-  (  مشتاق احمد صدیقی  ) گزشتہ دنوں المنی علی گڑھ ارریہ چیپٹر کے زیر انتظام تعلیمی و تربیتی ادارہ”روز ویلی” اسکول کے کیمپس میں ارریہ کےمعروف افسانہ نگار پروفیسر رفیع حیدر انجم کی صدارت اور ایڈوکیٹ زیڈ اے مجاہد و انجینئر افتخار احمد کی مشترکہ نظامت میں سرسید ڈے منانے کے قبل ایک مباحثہ(ڈیبیٹ) مقابلہ کا انعقاد ہوا، جس میں شہر ارریہ سمیت مضافات کے درجنوں پرائیویٹ اور سرکاری اسکولوں کے طلبہ اورطالبات نے  حصہ لے کر اپنا لوہا منوایا، اس مباحثہ مقابلہ میں اسکول کے طلبہ اور طالبات کی بڑی تعداد کے ساتھ جن لوگوں نے حصہ لیا ان میں الحاج ماسٹر ارشد انور علی، مولانا مشتاق احمد صدیقی، صحافی قمر عالم، اطہر البشر، ڈاکٹر ریحان نجیب، انجینئر افتخار احمد، انجینیئر راشد انور وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔ اس موقع پر ناظم ڈیبیٹ اور مباحثہ کے آرگنائزر ایڈوکیٹ زیڈ اے مجاہد نے شرکائے مقابلہ کو تقریر اور مباحثہ کے درمیان کے فرق کو بہتر انداز سے سمجھایا پھر آپ نے پوری تفصیل کے ساتھ مباحثہ کے اصول و ضوابط سے روشناس کرایا پھر آپ نے معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی ہم علی گڑھ کے فارغین مفکر زماں، مصلح قوم وملت، فلسفی اور بانیئی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی علی گڑھ کا یوم پیدائش پوری دنیا کی طرح سرسید ڈے کے طورپر بڑے تزک و احتشام کے ساتھ منا رہے ہیں، اسی کی یہ پہلی کڑی مباحثہ مقابلہ ہے دیگر اور مقابلے ہونے ہیں جبکہ اس کا اختتامی پروگرام جونیئرالسبیل اکیڈمی اسلام نگر میں آئندہ ماہ اکتوبر کی 17/ تاریخ کو سرسید علیہ الرحمہ کے یوم ولادت کے موقع پر ہوگا اور تمام مقابلے کے فاتحین اسی دن انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازے جائیں گے اور اس مباحثہ کا بابرکت آغاز اعیان زید کی نعت رسولؐ سے ہوا، جنہوں نے اپنی مترنم اور مسحور کن آوازسے خوب خوب داد تحسین حاصل کیں۔ اس مباحثہ مقابلہ میں ججیز کی ذمہ داری کو ماسٹر محمد مشیر مرتضی اور آکاش مشرا نے پوری شفافیت، ایمانداری اورغیر جانبداری کے ساتھ بحسن وخوبی انجام دیا۔ اس مباحثہ مقابلہ میں سنبل ناز متعلمہ آزاد اکیڈمی نے فرسٹ، حسنات روز ویلی اسکول اور مہر وزڈن اسکول نے مشترکہ طور پر سکنڈ اور نہاں آفریں نے تھرڈ پوزیشن حاصل کیا جبکہ فاطمہ گرلز آئیڈیل اکیڈمی، سعید اختر السبیل اکیڈمی کسیارگاؤں ارریہ، ضویا فاطمہ کیریئر گائیڈ اکیڈمی، محمد فرقان عالم الغزالی انٹرنیشنل اسکول اور ارمان عالم کیریئر گائیڈ اکیڈمی تشجیعی انعام کے مستحق بنے۔ مباحثہ کے اخیر میں صدارتی کلمات کے تحت پروفیسر رفیع حیدر انجم نے کہا جنگیں بالکل نہیں ہونی چاہیے، ہم تو جنگ کے مخالف ہیں۔ اقوام متحدہ جس کا قیام جس مقصد سے عمل میں آیا تھا اس میں وہ ناکام ہے۔ آپ نے بچوں سے خوب خوب محنت کرنے اور آگے بڑھنے کی اپیل کی آپ نے یہ بھی کہا مجھے فخر ہے کہ میں ایسی جگہ رہتا ہوں جہاں ایسے ذہین اورفطین بچے موجود ہیں اور اس ذہانت اور فطانت کو دیکھتے ہوئے میں کہہ سکتا ہوں کہ ان بچوں کا مستقبل بہت ہی تابناک ہے۔ آپ نے بچوں سے تخلیقی صلاحیت پیدا کرنے کے لئے مطالعہ کرنے اور زیادہ سے زیادہ سیلف اسٹڈی کرنے کی اپیل کیں۔ آپ کے علاوہ صحافی مشتاق احمد صدیقی، ارشد انور الیف، دونوں ججیز ماسٹر محمد مشیر مرتضی، آکاش مشرا نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا اوران تمام حضرات نے بھی بچوں کی خوب خوب حوصلہ افزائی کیں اور ان کے شاندار مستقبل کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیاپھر ڈاکٹر ریحان نجیب نے مباحثہ کے فاتحین کے ساتھ ساتھ تمام شرکائے مقابلہ کو اپنی جیب خاص سے ایک ایک سو روپیہ عنایت کرکے بچوں کی خوب خوب ہمت افزائی کی۔ آخر میں روز ویلی اسکول کے ڈائریکٹر انجینیئر محمد سرور عالم نے اظہار تشکر پیش کیاپھر روز ویلی اسکول کی جانب سے تمام مہمانوں کو پرتکلف ظہرانہ کےساتھ سوشل میڈیا کے عملہ اور یوٹیوبر کونذرانہ پیش کیاگیا۔