نائب وزیر اعلٰی نے دھنسال بلاک کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا

تاثیر 22 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں، 22 ستمبر: جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے دھنسال بلاک کے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت حالیہ ریکارڈ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
انہوں نے مقامی ریونیو حکام کو ہدایت دی کہ نقصانات کی تفصیلی رپورٹ تیار کر کے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کو پیش کریں تاکہ متاثرین کو فوری طور پر معاوضہ فراہم کیا جا سکے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے متاثرہ عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت خطے کی بنیادی ڈھانچے، سڑک رابطوں اور ضروری سہولیات کی بحالی کے لیے دن رات کوشاں ہے، جنہیں گزشتہ ماہ کی ریکارڈ بارشوں سے شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی محاذوں پر نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور مزید کام تیزی سے جاری ہے۔