تاثیر 12 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 12 ستمبر: سابق نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ جمعہ کو نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد پہلی بار کسی عوامی تقریب میں نظر آئے۔ دھنکھڑ نے آج راشٹرپتی بھون کے ریپبلک ہال میں نو منتخب نائب صدر سی پی رادھا کرشنن کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی اور انہیں ملک کے دوسرے اعلیٰ ترین آئینی عہدے کی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ اس دوران ان کی اہلیہ سدیش دھنکھڑ بھی ان کے ساتھ تھیں۔دھنکھڑ نے رادھا کرشنن کو ان کے نئے دور کے لیے مبارکباد دی اور کہا کہ ان کا تجربہ اور قائدانہ صلاحیتیں قومی مفاد میں نئے باب لکھیں گی۔ اس موقع پر سابق نائب صدر حامد انصاری بھی موجود تھے۔قابل ذکر ہے کہ جگدیپ دھنکھڑ نے 21 جولائی کو نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ عوامی زندگی سے تقریباً دور ہی ہیں۔ سیاسی حلقوں میں ان کی موجودگی کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر جے پی نڈا اور پوری کابینہ موجود تھی۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس اور نائب وزیر اعلی ایکناتھ شندے، آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندرابابو نائیڈو اور این ڈی اے کی اتحادی جماعتوں کے قائدین بھی موجود تھے۔

