تاثیر 27 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بریلی، 27 ستمبر: بریلی، اترپردیش میں آئی لو محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے پوسٹر اور بینر پر تنازع پر تشدد بھڑک اٹھا جس کے بعد پولیس کا کریک ڈاون شرو ع ہو گیا ہے ۔ ہفتہ کو پولیس نے اشتعال انگیز تقاریر کے الزام میں مولانا توقیر رضا سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے ان تمام کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ پولیس نے علاقے میں پولیس فورس تعینات کر دی ہے اور انٹرنیٹ کو 48 گھنٹے کے لیے بند کر دیا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ اویناش سنگھ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انوراگ آریہ نے ہفتہ کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ نماز جمعہ کے بعد ہونے والی ہنگامہ آرائی کے سلسلے میں پولیس کارروائی جاری ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے مولانا توقیر رضا، سرفراز، منیف الدین، عظیم احمد، محمد شریف، محمد عامر، ریحان اور محمد سرفراز کو گرفتار کیا ہے۔ مزید برآں، پولیس نے 36 دیگر افراد کو حراست میں لیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ ویڈیو فوٹیج کی بنیاد پر دیگر افراد کے کردار کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔

