تاثیر 11 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضاامام):-فخرالدین علی احمد ٹیچرس ٹریننگ کالج اور مدھےپور ٹیچرس ٹریننگ کالج کے اشتراک سے منعقدہ پانچ روزہ فیکلٹی ایکسچینج پروگرام بروز جمعرات آن لائن موڈ میں بذریعہ گوگل میٹ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ یہ پروگرام اتوار سے شروع ہوا تھا۔ اس دوران دونوں کالجوں کے اساتذہ نے مختلف موضوعات پر اپنے اپنے لیکچر پیش کیے۔فخرالدین علی احمد ٹیچرس ٹریننگ کالج کی جانب سے پرنسپل و متھلا یونیورسٹی کے فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ڈین پروفیسر (ڈاکٹر) ششی بھوشن رائے، محترمہ کلیانی کماری، شکیل احمد، ڈاکٹر رتنیش چندر اور امام الدین خان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اختتامی دن پر فخرالدین علی احمد ٹیچرس ٹریننگ کالج کے لکچرار اسعد مدنی نے قرآن پاک کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز کیا اسکے بعد ڈی ایل ایڈ کی طالبہ خوشبو کماری نے سرسوتی وندا پیش کی اسکے بعد کالج کے پرنسپل و للت نارئن متھلا یونیورسٹی کے ایجو کیشن آف ڈین پروفیسر (ڈاکٹر) ایس۔بی۔ رائے نے مدھےپور ٹیچرس ٹریننگ کالج کے ڈائریکٹر پروفیسر شمیم احمد اور ستینارائن اگروال کے ساتھ ساتھ فخرالدین علی احمد ٹیچرس ٹریننگ کالج کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نجيب اختر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام نہ صرف اساتذہ اور طلبہ کے لئے فائدہ مند ہوتے ہیں بلکہ تعلیم کے میدان میں نئے نئے افکار و نظریات سامنے لاتے ہیں۔مدھےپور ٹیچرس ٹریننگ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر سیف اللہ خان نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر سبھی کو مبارکباد دی اور شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے آخری دن نظامت کے فرائض قیصر عالم نے انجام دیے جبکہ شکریہ کی رسم ڈی ایل ایڈ شعبہ کی سربراہ ڈاکٹر پوجا کماری گپتا نے ادا کی۔اس موقع پر کالج کے اساتذہ اور مہمانان میں جناب وجے کمار سنگھ، ڈاکٹر کوشل کمار جھا، ڈاکٹر ایم۔ ایس۔ رحمان، ڈاکٹر شادان اللہ، شکیل احمد، قیصر عالم، شمشیر عالم، ڈاکٹر کمکم کماری، ڈاکٹر اسلام فیضی ، وینیتا سنہا، حنا فاطمہ، اظہرالدین انصاری، ریتو جھا، ایم۔ ایچ۔ بیگ، اسعدمدنی اور کالج کے تمام طلبہ و طالبات موجود تھے۔

