لکھنو سڑک حادثہ میں پانچ افراد ہلاک، 19 زخمی

تاثیر 12 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

لکھنو، 12 ستمبر: اتر پردیش کی راجدھانی لکھنو کے کاکوری تھانہ علاقے میں جمعرات کی دیر رات قیصر باغ ڈپو کی ایک روڈ ویز بس حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے میں بس میں سوار پانچ مسافروں کی موت ہو گئی، جب کہ 19 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈویڑنل کمشنر ڈاکٹر روشن جیکب، لکھنو کے پولیس کمشنر امریندر کمار سینگر، ضلع مجسٹریٹ وشاک جی اور دیگر انتظامی افسران اسپتال پہنچے اور زخمیوں کا حال دریافت کیا۔
پولیس کمشنر نے بتایا کہ قیصر باغ ڈپو کی ایک روڈ ویز بس (یو پی 78 ایل این 1340) مسافروں کو لے کر ہردوئی سے لکھنو آ رہی تھی۔ جمعرات کی رات بیتا نالہ پل ٹکیت گنج کے پاس بے قابو ہوکر کھائی میں پلٹ گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال پہنچایا اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔