پریاگ راج سڑک حادثے میں کانپور کے چار لوگوں کی موت اور تین زخمی

تاثیر 22 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پریاگ راج، 22 ستمبر: اتر پردیش کے پریاگ راج ضلع کے سوراوں تھانہ علاقے میں ویگہیا گاوں کے قریب ہائی وے پر اتوار کی رات سڑک حادثے میں چار افراد کی موت ہو گئی۔ تین افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا۔
گنگا نگر کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس کلدیپ سنگھ گناوت نے بتایا کہ اس حادثے میں سریش سینی اور ان کی بیوی، سریش باجپئی اور رام ساگر اوستھی کی موت ہو گئی۔ حادثے میں زخمی ہونے والے تین افراد کو علاج کے لیے سوروپ رانی نہرو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پنڈ دان کرنے کے لئے کانپور کے موسی نگر ویلولی سے بولیرو میں گیا گئے تھے۔ پنڈ دان کرنے کے بعد سب کانپور واپس جا رہے تھے۔ اتوار کی رات سوراوں تھانہ علاقے کے وگہیا گاوں کے قریب ہائی وے پر گاڑی خراب ہو گئی۔ رات ہونے کی وجہ سے انہوں نے کار کھڑی کی اور گاڑی کے آگے ہوگئے۔ رات کے وقت کوئی بڑی گاڑی انہیں ٹکر مارکر فرار ہو گئی۔