اپنا ادھیکار کے بینر تلے مفت آنکھوں کے معائنے اور موتیابند آپریشن کیمپ

تاثیر 3 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکتہ، 04/ ستمبر (محمد نعیم) سماجی خدمت کے جذبے کے تحت غیر سرکاری تنظیم اپنا ادھیکار نے آج کولکتہ کے موتی جھیل علاقے میں مفت آنکھوں کے معائنے اور موتیابند آپریشن کا خصوصی کیمپ منعقد کیا۔ یہ کیمپ صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک موتی جھیل کنوینٹ لین میں جاری رہا۔
اس موقع پر ماہر ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل کے اسٹاف نے بڑی تعداد میں آنے والے غریب و پسماندہ مریضوں کی آنکھوں کا مفت معائنہ کیا اور بتایا گیا کہ ضرورت مند مریضوں کا موتیابند آپریشن بھی کیا جائے گا۔ کیمپ میں بزرگ خواتین و حضرات سمیت ہر عمر کے لوگوں نے شرکت کی اور اس سہولت سے فائدہ اٹھایا۔
یہ فلاحی اقدام سمریٹن ہیلپ مشن کے تعاون سے ممکن ہوا۔ اس موقع پر اپنا ادھیکار کی بانی و چیئرپرسن محترمہ شبنم زبیر نے کہا کہ “موتی جھیل کے علاقے میں تعلیم اور صحت کی شدید کمی ہے، اسی وجہ سے ایسے کیمپ یہاں وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کیمپ مستقبل میں بھی مختلف علاقوں میں منعقد کئے جائیں گے تاکہ غریب اور ضرورت مند افراد بروقت علاج سے محروم نہ رہیں۔” جبکہ تنظیم کے سکریٹری جناب عابد زبیر نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی تنظیم “ہمیشہ ضرورت مندوں کے ساتھ کھڑے رہنا ہی ان کا مقصد ہے۔ ٹیم کی محنت اور لگن قابلِ تعریف ہے، اور یہ کام دراصل انسانیت کی خدمت ہے۔” انہوں نے کیمپ میں شامل ہونے والے لوگوں اور ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اُن کے لئے روشنیِ بصارت واپس لانے بہترین ذریعہ ہے۔