تصادم میں گینگسٹر ملزم گرفتار، گولی لگی

تاثیر 26 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

فیروز آباد، 26 ستمبر: شکوہ آباد تھانے کی پولیس ٹیم نے جمعہ کی صبح پولیس ایک تصادم میں مطلوب گینگسٹر وارث کو گرفتار کرلیا۔ ٹانگ میں گولی لگی ملزم کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (دیہات) انوج چودھری نے بتایا کہ اسٹیشن ہاوس آفیسر (شکوہ آباد) انوج کمار جمعہ کی صبح پولیس ٹیم کے ساتھ علاقے میں گشت کر رہے تھے۔ اسی دوران، انہیں اطلاع ملی کہ مطلوب ملزم ایک دوسرے ساتھی کے ساتھ موٹرسائیکل پر تھانہ صدر کی حدود میں دکھتولی نہر کی پٹری پر واردات انجام دینے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
اطلاع ملنے پر تھانہ شکوہ آباد کی پولیس ٹیم نے دکھتولی نہر پر سخت تلاشی مہم شروع کی۔ دوران چیکنگ دو مشکوک افراد موٹر سائیکل پر آتے ہوئے نظر آئے۔ پولیس ٹیم نے انہیں روکا تو انہوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔ پولیس ٹیم کی جوابی کارروائی میں اپنے دفاع میں ایک شخص ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا جبکہ دوسرا شخص اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گیا۔ زخمی شخص کی شناخت وارث ولد شکیل ماسٹر ساکن رکن پورہ تھانہ شکوہ آباد کے نام سے ہوئی ہے جو تھانہ شکوہ آباد میں درج ایک مقدمہ میں مطلوب ملزم ہے۔
زخمی ملزم وارث کے قبضے سے ایک 315 بور کا پستول، دو خالی کارتوس، ایک زندہ 315 بور کا کارتوس اور بغیر نمبر پلیٹ والی ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔ اے ایس پی نے بتایا کہ زخمی ملزم وارث کو علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس ٹیم مفرور ملزمان کی تلاش کر رہی ہے۔ مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔