اگلے 5 برسوں میں بھارت کو بائیو فیول اور گرین ٹرانسپورٹ میں قائد بنانے کا ہدف: گڈکری

تاثیر 16 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 16 ستمبر: مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری نے منگل کو کہا کہ بھارت کو اگلے پانچ برسوں میں حیاتیاتی ایندھن (بائیو فیول) اورماحولیات کے لئے سازگار ٹرانسپورٹ( گرین ٹرانسپورٹ) میں عالمی قائد بنانے کا ہدف ہے۔ انہوں نے دہلی کے دھولا کنواں سے ہریانہ کے مانیسر تک ایئر پوڈ سسٹم تیار کرنے اور ممبئی میں آبی گزرگاہوں کی نقل و حمل کے بارے میں بھی جانکاری دی۔
گڈکری نے دہلی میں ایک میڈیا تنظیم کے پروگرام میں کہا کہ دہلی کے دھولا کنواں سے ہریانہ کے مانیسر تک ایک فضائی پوڈ سسٹم تیار کیا جائے گا، جس کے لئے بدھ کو پانچ عالمی کمپنیوں کے پرزینٹیشن ہوں گی۔ یہ پوڈز 18-25 مسافر والے ہوں گے، جو 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا میں چل سکیں گے، البتہ رکاوٹوں کی وجہ سے رفتار کم ہوگی۔ ملک بھر میں 300 کیبل کار پروجیکٹس پر کام چل رہا ہے جو ٹریفک کی آزادی کی ایک نئی جہت ثابت ہوں گے۔