کھاد بحران معاملے میں مدھیہ پردیش ملک کی سرفہرست ریاست بنی، حکومت کے پاس نہ پالیسی ہے نہ نیت : کمل ناتھ

تاثیر 16 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 16 ستمبر:سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر کمل ناتھ نے ریاست میں کھاد کی قلت کو لے کر بی جے پی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست ملک میں سب سے زیادہ کھاد سے متاثرہ ریاست بن گئی ہے جہاں کسانوں کو اس کے لیے لاٹھیاں تک کھانی پڑ رہی ہیں۔ اسی کے ساتھ انہوں نے حکومت کی پالیسی اور نیت پر سوال اٹھائے ہیں۔
کمل ناتھ نے منگل کو سوشل میڈیا کے ذریعے کھاد بحران پر ریاست کی بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، مدھیہ پردیش کھاد کے بحران کے معاملے میں ملک کی ٹاپ ریاست بن رہی ہے۔ ریاست کے کئی اضلاع میں کھاد کے لیے پریشان کسانوں کے درمیان لڑائی کی خبریں بھی سامنے آنے لگی ہیں۔ اگر غور سے دیکھا جائے تو پچھلے دو مہینوں میں ریاست کے ہر علاقے سے کھاد کی قلت کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ کسانوں کو لمبی قطاروں میں کھڑا ہونا پڑا، کئی جگہوں پر پولیس نے کسانوں پر طاقت کا استعمال کیا، کئی مقامات پر کسان بے ہوش ہو گئے اور کئی مقامات پر نقلی کھاد ملنے کی بھی اطلاعات ہیں۔