تاثیر 25 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 25 ستمبر:پٹنہ ہائی کورٹ نے بدنام زمانہ ستیہ نارائن سنہا قتل معاملہ میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے ایم ایل اے ریت لال یادو کو نچلی عدالت کی جانب سے بری کرنے کے فیصلے کو خارج کر دیا ہے۔جمعرات کے روز جسٹس راجیو رنجن پرساد کی ڈویژن بنچ نے آشا سنہا کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے نچلی عدالت کی بریت کو ایک طرف رکھا اور ستیہ نارائن سنہا قتل معاملہ کی دوبارہ سماعت کا حکم دیا۔ 2023 میں پٹنہ سول کورٹ کی ایم پی/ایم ایل اے کی خصوصی عدالت نے ایم ایل اے ریت لال یادو کو ثبوت کی کمی کی وجہ سے اس معاملہ میں بری کر دیا تھا۔
ستیہ نارائن سنہا کی اہلیہ، سابق بی جے پی ایم ایل اے آشا سنہا نے پٹنہ ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی ہے جس میں نچلی عدالت کے حکم کو چیلنج کیا گیا ہے۔ معاملہ کی سماعت جسٹس راجیو رنجن پرساد کی ڈویژن بنچ نے کی۔ عدالت نے ریت لال یادو کو اس کی بریت کو واپس لے کر اور معاملے کی دوبارہ سماعت کا حکم دے کر ایک بڑا دھچکا پہنچایا۔

