ہندوستان کو عالمی امن اور استحکام کے لیے خود پرانحصار کرنا چاہیے: وزیر اعظم

تاثیر 20 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بھاؤ نگر، 20 ستمبر:زیر اعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز کہا کہ عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے، دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک ہندوستان کو خود انحصار بننا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بننے کے لئے اپنے سب سے بڑے منتر کے طور پر خود انحصاری کو اپنانا ہوگا۔وزیر اعظم مودی گجرات کے بھاو نگر میں ”سمندر سے خوشحالی” پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے 34,200 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب نہ صرف بھاو نگر بلکہ پورے ملک کی سمت کا تعین کرے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کا دنیا میں کوئی بڑا دشمن نہیں ہے۔ صحیح معنوں میں اگر ہمارا کوئی دشمن ہے تو وہ دوسرے ممالک پر ہمارا انحصار ہے۔ یہ ہماری سب سے بڑی کمزوری ہے، اور اس کے خاتمے کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا چاہیے۔ بیرونی انحصار جتنا زیادہ ہوگا، ملک کی ناکامی اتنی ہی زیادہ ہوگی۔مودی نے زور دے کر کہا کہ خود انحصار ہندوستان ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے کہا، ’’سو مسائل کی ایک ہی دوا ہے، اور وہ ہے خود انحصار ہندوستان‘‘۔