تاثیر 9 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 09 ستمبر: ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم خواتین ایشیا کپ 2025 کے سپر-4 مرحلے میں اپنی ناقابل شکست مہم جاری رکھنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔ ہانگزو میں منعقد ہونے والے اس باوقار ٹورنامنٹ کے اہم مرحلے میں ہندوستان کا مقابلہ میزبان چین، دفاعی چیمپئن جاپان اور کوریا جیسی مضبوط ٹیموں سے ہوگا۔ہندوستان نے پول بی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سات پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو 0-11 سے شکست دی، پھر جاپان کے ساتھ سنسنی خیز مقابلہ 2-2 سے ڈرا کیا اور پھر سنگاپور کو 0-12 سے شکست دے کر شاندار انداز میں سپر 4 میں جگہ بنائی۔ہندوستانی فارورڈز نونیت کور اور ممتاز خان شاندار فارم میں نظر آئے اور پول مرحلے میں پانچ پانچ گول داغے۔ ٹیم کو سپر 4 میں بھی ان سے شاندار کارکردگی کی امید ہوگی۔ اس مرحلے میں چاروں ٹیمیں بھارت، چین، جاپان اور کوریا آمنے سامنے ہوں گی۔ ٹاپ دو ٹیمیں فائنل میں پہنچیں گی جبکہ باقی دو ٹیمیں تیسری پوزیشن کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ ہندوستان کا پہلا مقابلہ 10 ستمبر کو کوریا، 11 ستمبر کو چین اور 13 ستمبر کو جاپان سے ہوگا۔ ہندوستان نے گزشتہ پانچ میچوں میں کوریا پر برتری برقرار رکھی ہے۔ ہندوستان نے تین میچ جیتے ہیں، کوریا نے ایک جیتا اور ایک ڈرا پر ختم ہوا۔

