تاثیر 10 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تہران،10ستمبر:ایران نے بین الاقوامی جوہری ادارے ‘ آئی اے ای اے’ کے ساتھ از سر نو تعاون کے لیے ایک فریم ورک پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق منگل کے روز کیا گیا ہے۔جون میں اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد ایران نے تعاون کا سلسلہ روک دیا تھا اور مذاکراتی و معائنہ کاری کا عمل تعطل کا شکار ہوگیا تھا۔اس نئے اتفاق رائے کے لیے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے علاوہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی کے چیف رافیل گروسی نے قاہرہ میں دستخط کیے ہیں۔رافیل گرسی نے اس واقعہ کو درست سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا اور اسے سراہا ہے۔
اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے بعد ایران بین الاقوامی جوہری ادارے پر اس لیے تنقید کرتا رہا ہے کہ اس نے اسرائیل اور امریکہ کے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کی مذمت نہیں کی۔اب ایران کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس ادارے کے ساتھ تعاون کی ایک نئی شکل سامنے آئی ہے۔ فریقین نے اس امر پر باہم افہام و تفہیم پیدا کی ہے کہ نئے حالات کے درمیان انہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ کس طرح تعاون کرنا ہے اور کس طرح بہتری کی طرف بڑھنا ہے۔

