تاثیر 24 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تہران،24ستمبر(ہ س)۔ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ ’ایران جوہری ہتھیار بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا‘ لیکن یہ کہ ’اس کی افزودگی نہیں روکے گا۔‘ایرانی ریڈیو اور ٹیلی ویڑن پر نشر ہونے والی اپنی تقریر میں ایرانی رہنما نے تین باتوں پر زور دیا، ایرانی قوم کا اتحاد، یورینیم کی افزودگی اور امریکہ کے ساتھ تعلقات۔امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں اور یہ نقصان دہ بھی ہے‘ اور ’کوئی بھی ملک خطرے کے تحت مذاکرات نہیں کرے گا۔‘
خامنہ ای نے مزید کہا کہ ’دوسرا فریق اپنے وعدے توڑتا ہے، دھمکیاں دیتا ہے، اور موقع ملنے پر قتل کا ارتکاب بھی کر لیتا ہے‘ اور اس بات پر زور دیا کہ ایسی حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنا ’خالص نقصان‘ ہو گا۔‘انھوں نے مزید کہا کہ ’ان مذاکرات کا نتیجہ ایران میں جوہری سرگرمیوں اور افزودگی کی بندش ہے‘۔

