اسرائیل کی غزہ میں بڑی زمینی فوجی کاروائی شروع، حملوں میں 41 افراد ہلاک

تاثیر 16 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

غزہ پٹی، 16 ستمبر: اسرائیل نے غزہ میں فلسطینی جنگجو گروپ حماس کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی زمینی فوجی کاروائی شروع کر دی ہے۔ ان حملوں میں 41 افراد کے مارے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج جو غزہ شہر پر بتدریج کنٹرول حاصل کر کے آگے بڑھ رہی ہے، نے مکینوں سے کہیں اور منتقل ہونے کی اپیل کی ہے۔
غزہ کے اسپتال کے حکام نے بتایا کہ رات بھر اسرائیلی حملوں میں غزہ شہر میں 37 اور وسطی غزہ میں چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ بدعنوانی کے مقدمے کا سامنا کر رہے نیتن یاہو نے عدالت میں اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کل غزہ میں اب تک کی سب سے بڑی زمینی فوجی کاروائی شروع کی ہے۔ سیکورٹی دستے اہم مرحلے پر پہنچ گئے ہیں۔ اس کے نتائج خوشگوار ہوں گے۔
اسرائیلی فوج نے مکینوں سے غزہ شہر خالی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ انکلیو کے سب سے بڑے شہری مرکز میں حماس کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر رہی ہے۔ اسرائیل ڈیفنس فورسز ( آئی ڈی ایف) کے عربی ترجمان آویخائی ادرعی نے ایکس پر کہا،’’غزہ شہر کو ایک خطرناک جنگی علاقہ سمجھا جاتا ہے۔ اس علاقے میں رہنا آپ کو خطرے میں ڈال دیتا ہے۔‘‘ آئی ڈی ایف نے رہائشیوں کو ہدایت کی کہ وہ ’’گاڑی یا پیدل‘‘ غزہ شہر کے جنوب میں الرشید اسٹریٹ کے راستے ’’جلد سے جلد نکل جائیں۔‘‘