تاثیر 24 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نیویارک،24ستمبر:۔شام کے صدر احمد الشرع نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اسرائیل کو 1974 کے معاہدے کے تحت اقوام متحدہ کی افواج کی تعیناتی قبول کرنی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ شام کا دوبارہ پرانے منظرنامے میں لوٹ جانا کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔نیویارک میں منگل کے روز ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے الشرع نے کہا اسرائیل کو 8 دسمبر 2024 سے پہلے کی صورت حال کی طرف واپس جانا ہو گا اور ہم نے کہا ہے کہ ہم کسی کے لیے خطرے کا باعث نہیں بنیں گے۔انھوں نے زور دے کر کہا کہ “اسرائیل کے ساتھ کسی بھی معاہدے کی کامیابی مزید ایسے معاہدوں کی راہ ہموار کرے گی جو خطے میں امن کے فروغ میں مدد گار ثابت ہوں گے۔اندرونی صورت حال کے بارے میں الشرع نے کہا کہ “شام کا استحکام اس کی وحدت سے جڑا ہوا ہے اور کسی بھی قسم کی تقسیم کی کوشش خطرناک تنازعات کو جنم دے گی۔انھوں نے وضاحت کی کہ “شام کی تقسیم کی کوئی بھی بات سب سے پہلے شام کو اور پھر ہمسایہ ممالک بالخصوص ترکی اور عراق کو نقصان پہنچائے گی۔

