غزہ پر اسرائیل کی مسلسل بم باری ، 24 گھنٹوں میں 87 فلسطینی جاں بحق

تاثیر 5 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

غزہ،05اگست:غزہ میں طبی ذرائع نے ’العربیہ‘ کو بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بم باری کے نتیجے میں 87 فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں، جن میں 16 افراد وہ بھی شامل ہیں جو امداد کے منتظر تھے۔غزہ شہر میں جاری بڑے پیمانے پر نقل مکانی کے ساتھ ہی شہر کے شمالی اور مشرقی حصے مسلسل اسرائیل کی فضائیہ اور توپ خانے کی گولہ باری کی زد میں ہیں، اس کے ساتھ ساتھ رہائشی عمارتوں کو منہدم کرنے کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔’العربیہ‘ اور’الحدث‘ کے نمائندے نے بتایا کہ اسرائیلی فضائیہ نے مشرقی غزہ کے الصحابہ علاقے اور حی الدرج میں فلسطینیوں کے گھروں کو نشانہ بنایا، جبکہ اسی وقت شمالی غزہ کی شارع الجلاء کے علاقے میں شہریوں اور ان کے گھروں پر فائرنگ کی کارروائیاں بھی ہوئیں۔شہری دفاع کی رپورٹوں کے مطابق غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں روزانہ کی بنیاد پر درجنوں افراد جاں بحق ہو رہے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے اس شہر کے تقریباً بیس لاکھ شہریوں کو 23 ماہ سے محاصرے میں رکھا ہوا ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے جمعرات کو اعلان کیا کہ فوج اس وقت غزہ شہر کے تقریباً 40 فی صد حصے پر قابض ہے اور شہر پر مکمل کنٹرول کے اپنے منصوبوں کو آگے بڑھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فورسز شہر کے تقریباً نصف حصے پر قبضے کے قریب پہنچ چکی ہیں جو شمالی غزہ میں واقع ہے۔