طلباء میں زندگی کی اقدار پیدا کرنا اساتذہ کا فرض ہے: رام بہادر رائے

تاثیر 9 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 9 ستمبر: سینئر صحافی اور مفکر پدم بھوشن رام بہادر رائے نے کہا کہ ایک استاد کا فرض صرف پڑھانا ہی نہیں ہے بلکہ طلبہ میں زندگی کی قدریں پیدا کرنا بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم اساتذہ کے موقع پر ’’استاد ہونے کا دھرم‘‘ کے موضوع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس مباحثے کا اہتمام پیر کی شام دہلی ٹیچرس یونیورسٹی نے کیا تھا۔ اس موقع پر تدریس کے نظریات، ذمہ داری اور بدلتے ہوئے تعلیمی منظر نامے میں اساتذہ کے کردار پر گہرائی سے گفتگو ہوئی۔پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے ہندوستھان سماچار کے گروپ ایڈیٹر پدم بھوشن رام بہادر رائے نے ایس رادھا کرشنن کی زندگی کی جدوجہد اور ان کے ایک مثالی استاد بننے کے عمل پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ایسے لوگوں کی بھی ضرورت ہے جو ایک اچھے استاد کو پہچان سکیں۔ اگر کوئی تعلیم میں نظم و ضبط اور لگن سے کام کرے اور آنے والی نسل کو استاد بننے کی ترغیب دی جائے تو اس کا فائدہ ہوگا۔

پروگرام کے کلیدی مقرر، پدم شری ڈاکٹر جتیندرا بجاج نے کہا کہ اساتذہ نہ صرف علم کا ابلاغ کرنے والے ہوتے ہیں بلکہ روایت، تاریخ، ہنر، جغرافیہ اور سماجی ذمہ داری کے بھی علمبردار ہوتے ہیں۔ انہوں نے ہندوستانی روایت میں گرو ششیہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور موجودہ دور میں تعلیم کی انسانی اقدار کو بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تاریخ جتنی وسیع ہوگی ہمارا وڑن اتنا ہی وسیع ہوگا۔