تاثیر 4 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھوپال، 4 ستمبر: مدھیہ پردیش کے اندور کے ایم وائی اسپتال میں چوہے کے کاٹنے سے دو نومولود بچوں کی موت کے معاملے میں سیاسی بیان بازی تیز ہوگئی ہے۔ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر کمل ناتھ نے اس پورے واقعہ پر حکومت کو گھیرے میں لیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مدھیہ پردیش میں صحت کی خدمات اب جان بچانے کے بجائے موت بانٹنے کا مرکز بن گئی ہیں۔
کمل ناتھ نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا کہ اندور کے ایم وائی سپتال، جہاں این آئی سی یو میں چوہوں کی دہشت سے دوسرے نومولود کی موت ہو گئی۔ سوال یہ ہے کہ جہاں انسانوں کے علاوہ کچھ بھی لے جانا منع ہے، وہاں چوہوں کی موجودگی کیسے ممکن ہے،یہ کوئی معمولی غفلت نہیں بلکہ پورے نظام کی سچائی ہے۔
کمل ناتھ نے کہا کہ اسپتال انتظامیہ کا رویہ اتنا ڈھیلا ہے کہ موت کے بعد بھی افسران چھٹیوں اور انٹرویوز میں مصروف ملے۔ محکمہ کے سربراہ سے لے کر یونٹ انچارج تک سب نے ذمہ داری سے کنارہ کشی کی اور معاملے سے ہاتھ دھونے کا نوٹس جاری کیا۔ یہاں تک کہ وزیراعلیٰ کو کہنا پڑا کہ ’’لاپرواہی برداشت نہیں کریں گے۔‘‘

