تاثیر 8 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تہران،08ستمبر:ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے ملک کی تیل کی پیداوار کی کمی اور پرانی ٹیکنالوجی کی وجہ سے سست روی کا شکار ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک علاقے کے کئی تیل پیدا کرنے والے ملکوں سے بہت پیچھے ہے۔ اس لیے ہمیں صرف تیل کی برآمدات کی بجائے دیگر برآمدات پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ تاکہ برآمدات میں تنوع پیدا ہو اور معیشت میں بہتری لائی جا سکے۔علی خامنہ ای نے ان خیالات کا اظہار کابینہ کے ارکان کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں کیا۔انہوں نے کہا اس میں شبہ نہیں ہے کہ تیل کی پیداوار ہماری معیشت میں بڑی اہم رہی ہے لیکن تیل کی پیداوار بہت نیچے چلی گئی ہے۔ کیونکہ ہمارے تیل پیدا کرنے کے طریقے اور ذرائع پرانے ہیں۔ ہمارے پاس تیل پیدا کرنے کے آلات اور ٹیکنالوجی بھی کئی دوسرے ملکوں سے پرانی ہے۔اس لیے ہم علاقے کے بہت سے آئل پیدا کرنے والے ملکوں سے پیچھے رہ گئے ہیں۔ ضروری ہے کہ ہم اس کا حل نکالیں۔یاد رہے ایران کی آئل انڈسٹری امریکی و یورپی پابندیوں کی وجہ سے سخت مشکلات سے دوچار ہے۔

