تاثیر 20 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
رانچی، 20 ستمبر:جھارکھنڈ میں کْرمی- کْڑمی برادری نے خود کو قبائلی درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہفتے کے روز ریل روکو تحریک شروع کر دی ہے۔ آدیواسی کڑمی سماج منچ کی کال کے بعد، کڑمی برادری کے لوگ ہفتے کی صبح ریاست کے کئی اضلاع میں ریلوے پٹریوں پر اتر آئے، جس سے ریل آپریشن مکمل طور پر رک گیا ۔
اطلاعات کے مطابق رانچی کے قریب رائے ریلوے اسٹیشن پر کڑمی برادری کے افراد کی بڑی تعداد پٹریوں پر بیٹھ کر احتجاج کر ر ہی ہے۔ سیکڑوں مظاہرین نے گرڈیہ کے پارسناتھ اور بوکارو کے چندر پورہ میں بھی ریلوے لائنوں کو بلاک کر دیا ہے جس سے ان راستوں پر ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ کڑمی منچ نے اس احتجاج کو تاریخی بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

