تاثیر 3 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
مرزا پور، 3 ستمبر: ضلع کے کٹرا کوتوالی علاقے میں واقع شاستری پل پر منگل کو ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا۔ یہاں پہنچنے والے ایک پریمی جوڑے نے اچانک ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر گنگا میں چھلانگ لگا دی۔ کچھ ہی دیر میں وہ دونوں تیز بہاو میں بہہ گئے اور غائب ہو گئے۔راہگیروں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ کٹرا کوتوال ویدیا ناتھ سنگھ اور شاستری پل چوکی کے انچارج موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے غوطہ خوروں اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم کو بلایا اور دیر شام تک تلاش جاری رکھی لیکن عاشق جوڑے کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔پولیس کو عاشق کے بیگ سے ایک پین کارڈ ملا، جس سے اس کی شناخت میں مدد ملی۔ معلومات کے مطابق، نوجوان (22) دیہات کوتوالی علاقہ کا رہنے والا تھا اور گجرات میں ایک پرائیویٹ کمپنی میں کام کرتا تھا۔ وہ چند دن پہلے ہی گھر آیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ دو روز قبل وہ گجرات واپسی کے لیے گھر سے نکلے تھے لیکن منگل کو وہ اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ شاستری پل پہنچے اور دونوں نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کا ہولناک قدم اٹھایا۔

