سنٹرل نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ کی بڑی کارروائی، نشہ آور 99 کارٹن کف سیرپ برآمد، سمگلر فرار

تاثیر 12 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ارریہ(راحیل عرفان)سنٹرل نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے ضلع کے جوکی ہاٹ تھانہ علاقہ کے تحت واقع گیرکی مسوریہ پنچایت کے گوگرا گاؤں میں جمعرات کی دیر شام خفیہ اطلاع کی بنیاد پر بڑی کارروائی کی۔ کیمروں کی نگرانی میں کی گئی چھاپے مار کارروائی کے دوران ٹیم نے یہاں سے ممنوعہ کف سیرپ کے 99 کارٹن برآمد کی۔ برآمد شدہ کف سیرپ کی تخمینہ قیمت تقریباً 20 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔ مقامی پولیس ذرائع کے مطابق یہ کھیپ گوگرا وارڈ 13 کے رہائشی امتیاز ولد اسلام کی بتائی جاتی ہے انہوں نے اس کھیپ کو اپنے چچا عالم ولد ستار کے گھر میں چھپا کر رکھا تھا۔ کارروائی کے دوران ملزم سمگلر موقع سے فرار ہو گیا۔ ضبط شدہ سامان جوکی ہاٹ تھانے میں محفوظ رکھا گیا ہے۔ تادم تحریر جوکی ہاٹ تھانے میں کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق سنٹرل نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم مزید کارروائی میں مصروف تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس علاقے میں سنٹرل نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ کی کارروائی کئی سالوں بعد ہوئی ہے۔ اس کارروائی سے منشیات فروشوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ ریاست میں شراب پر پابندی کے بعد ضلع میں نشہ آور کف سیرپ جس میں کوڈین، نشہ آور گولیاں، انجیکشن اور سن فکس محلول شامل ہیں، کے استعمال میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ یہ کف سیرپ چھوٹے اور بڑے چوک چوراہوں پر آسانی سے دستیاب ہوجائے ہیں۔ جس کی وجہ نوجوان سے لے کر بوڑھے یہاں تک کہ بچوں نے بھی اس کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ جس کا معاشرے پر شدید اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور نوجوانوں کی زندگیاں تباہ ہو رہی ہیں۔ اس سلسلے میں علاقے کے لوگوں کا الزام ہے کہ پولیس چھوٹے اسمگلروں پر اپنی گرفت مضبوط نہ کرنے کی وجہ سے یہ کاروبار پھل پھول رہا ہے۔ ہر پنچایت میں چوکیدار موجود ہونے کے باوجود سب کچھ جانتے ہوئے بھی کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ چوکیداروں کی ملی بھگت سے ڈرگ مافیا کے حوصلے بلند ہیں۔