تاثیر 18 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 18 ستمبر: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے لوک سبھا کے قائد حزب اختلاف راہل گاندھی پر ان کے ووٹ چوری کے الزامات پر طنز کیا ہے۔ بی جے پی نے کہا کہ وہ ایک ”ہائیڈروجن بم” کا دھماکہ کرنے والے تھے، لیکن وہ پٹاخہ ثابت ہوا، اور وہ بھی ختم ہو گیا۔ بے بنیاد الزامات لگانا ان کی عادت بن چکی ہے۔ راہل گاندھی کی پریس کانفرنس کے بعد بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ انوراگ ٹھاکر نے جمعرات کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے (راہل) الزامات کی سیاست کو اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسا لیڈر جسے الیکشن کے بعد الیکشن میں شکست ہوئی اور عوام نے مسترد کر دیا، جس کی قیادت میں کانگریس تقریباً 90 انتخابات ہار چکی ہے، اس لیڈر کی مایوسی مسلسل بڑھ رہی ہے، اور راہل نے الزامات کی سیاست کو اپنا زیور بنا لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ان سے الزامات کی تصدیق کے لیے کہا جاتا ہے تو وہ منہ موڑ کر بھاگ جاتے ہیں اور جب حلف نامہ دینے کے لیے کہا جاتا ہے تو وہ اس سے انکار کرتے ہیں۔ بے بنیاد الزامات لگانا ان کی عادت بن چکی ہے۔

