محبوب صدیقی بڑے ہونہار اور سماجی خدمت گزار تھے : قاضی ارشد رحمانی

تاثیر 4 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضاامام):-تارڈیہ بلاک دربھنگہ کی مشہور آبادی بیکا کے رہنے والے جناب ڈپٹی فضل حق صدیقی کے پوتے سابق ایکزام کنٹرولر مدرسہ بورڈ امین الحق کے صاحبزادے اورجناب ڈاکٹر نسیم اعظم صدیقی، صدر تنظیم امارت شرعیہ تارڈیہ بلاک کے بھائی محبوب صدیقی صاحب سابق پرنسپل مدرسہ ضیاء الاسلام رستم نگر بیکاکے وصال سے دلی صدمہ پہنچا، مرحوم کی عمر صرف 44سال تھی وہ بالکل نوجوان تھے اور پنچایت کی مکھیا کے شوہر ہونے کے ناطے انتہائی متحرک اور فعال تھے وہ سماجی کاموں میں بہت مصروف رہا کرتے تھے امارت شرعیہ کی تحریک میں مضبوطی کے ساتھ حصہ لیا کرتے تھے اور ملی کاموں میں بڑی سے بڑی قربانیاں دینے کو تیار رہتے تھے مرحوم کا پورا گھرانہ  امارت شرعیہ سے مضبوطی کے ساتھ وابستہ رہا ہے اور ہر تحریک میں مرحوم کے ساتھ ان کے تمام بھائیوں نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا یہ باتیں مفتی ارشد علی رحمانی قاضی شریعت دارالقضا امارت شرعیہ مہدولی دربھنگہ نے حضرت امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب مدظلہ کی ہدایت اور ناظم اعلیٰ امارت شرعیہ مفتی سعید الرحمن قاسمی اور قاضی القضاة مولانا محمد انظار عالم قاسمی کے ایماء پر محبوب صدیقی کے گاؤں بیکا، تارڈیہ دربھنگہ ایک وفد کے ساتھ پہنچ کر اپنے تعزیتی پیغام میں کہیں، موصوف نے ان کے گھر والوں کو حضرت امیر شریعت ، ناظم امارت شرعیہ، قاضی شریعت اور تمام ذمہ داران کی طرف سے تعزیت مسنونہ پیش کیا اور دعاء مغفرت کی،اور مرحوم کے معصوم لڑکے امان صدیقی کے سر پر شفقت کا ہاتھ پھیرتے ہوئے اسے تسلی دی ،اس موقع پر مرحوم کے برادران فیروز صدیقی، ڈاکٹر نسیم اعظم صدیقی، شعبان صدیقی، پروفیسر ضحی صدیقی اور ان کے متعلقین نے امارت شرعیہ کے ذمّہ داران کا شکریہ ادا کیا ۔
قاضی شریعت کے ساتھ وفد میں تنظیم امارت شرعیہ دربھنگہ کے جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ محمد ممتاز عالم، تنظیم امارت شرعیہ شہر دربھنگہ کے صدر قاری نسیم اختر قاسمی، تنظیم امارت شرعیہ علی نگر بلاک کے سکریٹری محمد حیات اللہ اور وصی احمد شامل تھے ۔ایڈوکیٹ محمد ممتاز عالم نے کہا کہ موت و حیات کا وقت مقرر ہے لیکن کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ ان کے جانے سے سماج کا بڑا نقصان ہوتا ہے ایسے ہی عزیزی محبوب صدیقی بھی تھے اللّٰہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے ہم ان کے تمام متعلقین کے لئے صبر و تحمل کی دعا کرتے ہیں ۔قاری نسیم اختر قاسمی نے فرمایا کہ محبوب صدیقی صاحب کی خدمت کے مقبول ہونے کی علامت ہے کہ آج امارت شرعیہ کا وفد ان کے گھر تعزیت کیلئے پہونچا ہے اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کی خدمات کو قبول فرمائے اور گھر والوں کو صبر جمیل کی توفیق دے ۔