تاثیر 16 ستمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضاامام):-“بہار میں مسلمانوں کے مسائل اور حل” کے عنوان پر گفتگو کرتے ہوئے آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے قومی صدر نظرعالم نے کہا کہ ریاست بہار میں مسلمانوں کو تعلیم، روزگار، صحت اور سماجی انصاف کے میدان میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اگر ان مسائل کو فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو ترقی کا خواب ادھورا رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم بچوں کے لیے معیاری اسکول اور اسکالرشپ کی سہولتیں نہایت ضروری ہیں۔ نوجوانوں کو روزگار کے مساوی مواقع فراہم کرانے ہوں گے۔ مسلم علاقوں میں اسپتال اور بنیادی صحت مراکز کی اشد ضرورت ہے۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و امان کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔ مسلمانوں کی سیاسی شراکت داری میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نظرعالم نے واضح کیا کہ یہ مسائل صرف مسلمانوں کے نہیں بلکہ بہار کی مجموعی ترقی سے جڑے ہوئے ہیں۔ جب تک ہر طبقہ آگے نہیں بڑھے گا، بہار ترقی کی راہ پر آگے نہیں بڑھ سکتا۔ نظرعالم نے اخیر میں کہا کہ ہم سب مل کر 2025 میں ایک ایسا بہار بنائیں جہاں سب کو تعلیم، سب کو روزگار اور سب کو انصاف ملے۔

